ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیندورمیں کورونا پوزیٹیو کیس کی خبر پھیلنے سے عوام میں دوڑ گئی تشویش کی لہر

بیندورمیں کورونا پوزیٹیو کیس کی خبر پھیلنے سے عوام میں دوڑ گئی تشویش کی لہر

Sun, 03 May 2020 11:37:06    S.O. News Service

بیندور ،3؍مئی(ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے بیندور میں عوام کے اندر اس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب قریبی گاؤں کالاواڈی میں ایک کورونا پوزیٹیو کیس موجود ہونے کی خبر سرکاری ایپ ’آروگیہ سیتو‘ کے ذریعے معلوم ہوئی۔

بتایا جاتا ہے کہ بیلگاوی ضلع کے خانہ پور سے کالاواڈی کا رہنے والا ایک 48سالہ شخص اور دیگر 9لوگ ایک ساتھ اڈپی ضلع میں واقع اپنے اپنے گاؤں واپس لوٹے تھے۔ مذکورہ شخص کے اندر خانہ پور میں رہتے ہوئے کچھ کورونا جیسی علامات پیدا ہوئی تھیں، جس کے بعد وہ وہاں کے تعلقہ ہیلتھ آفس پہنچا اور رضا کارانہ طور پر اس نے اپنی جانچ کروائی۔ اس کے گلے کے تھوک کانمونہ لیباریٹری میں بھیجا گیا تھا جس کی رپورٹ آنے سے پہلے ہی ہوٹل میں ملازمت کرنے والے ان دس لوگوں کا قافلہ دو موٹر گاڑیوں پر سوار ہوکر اپنے گھروں کے لئے نکل پڑا۔ ان لوگوں نے خانہ پور ٹی ایچ او کی طرف سے جاری کردہ میڈیکل سرٹفکیٹ دکھاکر30اپریل کو شیرو ر چیک پوسٹ  سے اڈپی ضلع میں داخلہ حاصل کیا اور اپنے اپنے گھر پہنچ گئے۔ لیکن دو دن بعد ’آروگیہ سیتو‘  ایپ کے ذریعے بیندور کے عوام کو یہ خبر ملی کہ کالاواڈی میں ایک 48سالہ شخص موجود ہے جو کورونا پوزیٹیو ہے۔ اس وجہ سے عوام کے اندر سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ غلط اطلاع کسی ٹیکنیکل غلطی کی وجہ سے مذکورہ ایپ پر اَپ لوڈ ہوگئی تھی۔

اڈپی تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ناگ بھوشن کا کہنا ہے کہ خانہ پور کے ٹی ایچ او کے مطابق اس شخص کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے، پھر بھی احتیاطاً اس شخص کو کنداپور کے پرانے آدرش ہاسپٹل میں کوارنٹین کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سنیچر کے دن دوبارہ اس کے گلے کے تھوک کا نمونہ کنداپور تعلقہ ہاسپٹل میں جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے اور رپورٹ آنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔


Share: